Aaj Logo

اپ ڈیٹ 11 جون 2023 03:54pm

گرین لائن ایکسپریس کا انجن پٹڑی سے اتر گیا

گھوٹکی ریلوے اسٹیشن پر گرین لائن ایکسپریس کا انجن پٹڑی سے اتر گیا۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ریلیف ٹرین روہڑی سے طلب کرلی گئی ہے، کوشش ہے کہ ٹریک کو جلد بحال کیا جائے۔

انجن کے پٹڑی سے اترنے پر کوئی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں۔

حادثے کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گرین لائن تیز رفتاری سے دھول اڑاتی ہوئی آئی اور اچانک جھٹکے سے رکی۔

حادثے کے دوران لوپ لائن پر موجود ٹرین سے ٹکراؤ ہوتے ہوتے رہ گیا تاہم حادثے کے نتیجے میں اپ ٹریک بلاک ہوگیا۔

ریلوے اسٹیشن انتظامیہ کے مطابق گھوٹکی ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے راولپنڈی جانے والی گرین ایکسپریس ٹرین لوپ لائن پر کھڑی فرید ایکسپریس کے ساتھ ٹکرانے سے بال بال بچ گئی۔

لوپ لائن پر کھڑی فرید ایکسپریس کو کراس کرایا جارہا تھا۔

انجن ٹریک سے اترنے کے باعث پنجاب جانے والی مسافر ٹرینوں کو روک دیا گیا اور اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدرفت معطل ہوگئی، جس کی وجہ سے خیبر میل کو پنوعاقل ریلوے اسٹیشن پر روکا گیا۔

جبکہ ڈاؤن ٹریک کو بحال کرکے فرید ایکسپریس کو منزل مقصود کی جانب روانہ کردیا گیا۔

ریلیف ٹرین کے زریعے گرین لائن کے انجن کو علیحدہ کیا گیا اور متبادل انجن کو طلب کیا گیا۔

بعد ازاں گرین لائن ایکسپریس کا ریسکیو آپریشن مکمل کرکےٹرین کو اس کی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

گھوٹکی ریلوے اسٹیشن سے ساڑھے دس بجے گرین لائن ایکسپریس اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئی۔

Read Comments