Aaj Logo

شائع 10 جون 2023 11:34pm

وسطی اور جنوبی پنجاب کی 14 سیاسی شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل

پاکستان پیپلزپارٹی میں سیاسی شخصیات کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، وسطی اور جنوبی پنجاب کی 14 سیاسی شخصیات نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کے بعد وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے بھی لاہور میں ڈیرے ڈال لیے۔

وسطی اور جنوبی پنجاب کے مختلف سیاسی رہنماؤں نے بلاول بھٹو سے لاہور میں ملاقات کی اور پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

فیصل آباد سے شمشیر خان وٹو، چنیوٹ سے ڈاکٹر فخر النساء، زاہد غوری اور سہیل الیاس جبکہ سرگودھا سے کاشف ممتاز گجر نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

وہاڑی سے سابق ایم این اے آفتاب خان کھچی، شہزاد احمد خان کھچی، سابق ایم پی اے افضل خان کھچی اور طاہر خان کھچی بھی پیپلزپارٹی کا حصہ بن گئے۔

بہاولنگر سے ق لیگ کے صاحبزادہ عابد مہاروی اور اکرم خان کانجو، لودھراں سے سابق ایم پی اے علی خان کانجو، میاں علی پیرزادہ اور محمد نوازش علی خان نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

ان ملاقاتوں میں سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی نیر حسین بخاری، حسن مرتضی، ندیم افضل چن سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

سابق صدر آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کی کارکن شاہدہ جبین سے ملاقات میں ان کے خاوند حاجی محمد علی کے انتقال پر اظہار افسوس اور دعائے مغفرت کی۔

اس موقع پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ شاہدہ جبیں جمہوریت کیلئے سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کا ایک استعارہ ہیں۔

Read Comments