بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ ٹسیٹ چیمپیئن شپ کا فائنل اوول اسٹیڈیم میں جاری ہے۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا دوسرا دن بھی کینگروز کے نام رہا جب کہ بھارت شدید مشکل میں نظر آیا۔
آسٹریلیا نے اہم مقابلے کی پہلی اننگ میں 469 رنز اسکور کیئے، کینگروز کی جانب سے اسٹیو اسمتھ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 121 رنز بنا ڈالے اور ٹیم کو بڑا اسکور کرنے میں مدد فراہم کی۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل میں سنچری کے اضافے کے بعد اسٹیو اسمتھ اپنے کیریئر میں اب تک 31 ٹیسٹ سنچریز اسکور کرچکے ہیں جن میں سے 9 سنچریز انہوں نے بھارت کے خلاف اسکور کی ہیں۔
آئی سی سی سے گفتگو میں اسٹیو اسمتھ کو موجودہ دور کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دیتے ہوئے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا اسمتھ کے مقابلے میں ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی نہیں، جب کہ ان کے ریکارڈ بھی خود اس بات کی گواہی دیتے ہیں۔
ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں وہ ٹیسٹ کرکٹ کے عظیم کھلاڑی ہیں، ان کے خلاف کھیلتے ہوئے ہمیشہ مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اور انہیں جلد آؤٹ کرنے کی کوشش ہوتی ہے۔