وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈی نیٹر رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی سے پنجاب میں ن لیگ کو فائدہ ہوگا۔
آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی آئی ہے، پی ٹی آئی کے پتے جھڑ گئے ہیں، پنجاب میں ن لیگ مضبوط نظر آرہی ہے، نئی جماعت کے لیے الیکشن ٹیسٹ ہوگا، موجودہ صورتحال سے ن لیگ کو فائدہ پہنچے گا۔
رانا احسان افضل نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت تمام لوگ کررہے ہیں، دھرنے کے دوران بھی انہوں نے ہنڈی اور بل جلانے کا کہا تھا، نوازشریف، شہبازشریف، ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو بھی گرفتار ہوئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب کے کارکنان پارٹی کے ساتھ ہوتے ہیں، پی ٹی آئی کے کارکنان 9 مئی کے بعد چھوڑ کر جارہے ہیں۔
رانا احسان افضل کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالف ڈیفالٹ ڈیفالٹ کی رٹ لگائے ہوئے تھے، ہم نے مشکل حالات کے باوجود ملک سنبھالا، مخالفین نےآئی ایم ایف کو خط بھی لکھے، بجٹ میں کم آمدنی والے طبقے کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما نادر گبول کا کہنا تھا کہ نئی جماعت میں جانے والے ایسے لوگ ہیں جو کونسلر کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتے، علی زیدی یوسی چیئرمین کی سیٹ بھی ہار گئے تھے، کراچی بلدیاتی انتخابات میں ہم نے بڑی کامیابی حاصل کی۔
نادر گبول نے کہا کہ مہنگائی سے حکومت اور اتحادیوں کو دھچکا پڑا ہے، حکومت کو سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے، امید ہے آنے والا بجٹ عوام دوست ہوگا، گزشتہ دنوں مہنگائی میں کچھ کمی آئی ہے، سندھ میں کم ازکم تنخواہ 32 ہزار کی جارہی ہے۔
عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کے شواہد مل چکے ہیں۔