سندھ ہائیکورٹ نے زہریلی گیس کے کیس میں ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) کو تمام فیکٹریوں کے تفصیلی معائنے کی ہدایت کردی۔
کراچی کے علاقے کیماڑی علی محمد گوٹھ میں مبینہ زہریلی گیس کے اخراج سے اموات کے مقدمے پر سماعت ہوئی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ اس مقدمے میں کچھ پتا نہیں اموات کیسے ہوئیں تاہم صوبائی حکومت نے مستقبل میں واقعات روکنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی، اگر دوبارہ کوئی ایسا واقعہ ہوا تو کمیٹی کام شروع کردے گی۔
ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ اسٹاف نے فیکٹریز کا دورہ کیا اور کچھ کو سیل کیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے سیپا کو تمام فیکٹریوں کے تفصیلی معائنے کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات میں شامل تمام محکموں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ کیس کی سماعت 2 ہفتوں کیلیے ملتوی کردی گئی۔