کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ نے امریکہ کے شمال مغربی علاقے کی فضا کو زردی مائل سرمئی دھوئیں سے آلودہ کر دیا ہے، لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے اور کھڑکیاں بند رکھنے کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔
کینیڈا کے صوبے کیوبیک بھر میں سینکڑوں مقامات پر لگنے والی جنگلات کی آگ کو بدھ کے روز امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا سے جنوب تک اور مغرب میں اوہائیو تک محسوس کیا جاسکتا تھا، اس آگ سے فضا دھواں آلود ہو گئی اور لوگوں کو گلے میں خراش محسوس ہونے لگی۔
خصوصاً وسطی نیویارک کے کچھ حصوں میں صورتحال خطرناک شکل اختیار کر گئی، جہاں دھواں خطرناک حد تک پھیل گیا۔
امریکی حکام نے متعدد علاقوں میں ہوا کے معیار کے بارے میں انتباہات جاری کیے اور کئی روز تک خراب حالات جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیا۔
اسی دوران کینیڈا اور امریکہ میں کئی پروازیں متاثر ہوئیں اور لوگوں کو کورونا وبا کے وقت کے ماسک پہن کر باہر نکلنا پڑا۔
نیو یارک کے عہدے داروں نے بدھ کے روز کہا کہ ہوا کا معیار خطرناک ہو چکا ہے اور لوگوں کو گھروں یا دفاتر کے اندر ہی رہنا چاہئے۔
یہ خطرناک حالات منگل کی سہ پہر سے شروع ہوئے جن کے باعث دریائے ہڈسن کے پار نیو جرسی تک کے مناظر دھندلا گئے۔
کینیڈا کے جنگلات کی آگ کے اثرات گزشتہ ماہ سے امریکہ تک پہنچ رہے ہیں۔
سب سے تازہ ترین اثر کیوبیک کے قریب لگنے والی آگ کے واقعات سے ہوا ہے جو کم از کم کئی روز تک لگی رہی۔
اس کی سب سے بڑی وجہ گرم اور خشک موسم تھا۔