Aaj Logo

شائع 07 جون 2023 04:51pm

کروڑ پتی بھکاری سے پولیس اہلکاروں نے 7 لاکھ روپے چھین لئے

کروڑ پتی بھکاری سے پولیس اہلکار نے 7 لاکھ روپے چھین لئے، بھکاری عدالت پہنچ گیا۔

فیصل آباد میں مظفر نامی بھکاری کروڑ پتی نکلا، یہ انکشاف اس وقت ہوا جب ایک پولیس اہلکار نے اس سے 7 لاکھ روپے چھین لئے اور وہ انصاف کے لئے عدالت پہنچ گیا۔

مظفر نامی کروڑ پتی بھکاری نے عدالت سے رجوع کیا اور بتایا کہ اس سے پولیس اہلکاروں نے 7 لاکھ روپے چھین لئے ہیں، عدالت نے بھکاری کے پاس اتنی خطیر رقم کی موجودگی کی تصدیق کے لئے جب بینک اسٹیٹمنٹ منگوائی تو پتہ چلا کہ بھکاری 3 کروڑ روپے کا مالک ہے۔

بھکاری مظفر حسین نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف پیش کیا کہ 25 سالوں سے بھیک مانگ کر رقم بینک میں جمع کروا رہا ہوں، اس رقم سے میں نے 7 لاکھ روپے کا پلاٹ خریدا، خریدے ہوئے پلاٹ کی رقم دینے جا رہا تھا کہ پولیس نے 7 لاکھ چھین کر آپس میں بانٹ لئے۔

مقدمے میں نامزد پولیس اہلکاروں نے عدالت میں پیش ہوکر مؤقف اختیار کیا کہ بھکاری جھوٹ بول رہا ہے، اس کے پاس 7 لاکھ کہاں سے آئے۔

عدالت نے جب بھکاری کا بینک ریکارڈ طلب کیا تو اس کے اکاؤنٹ میں مزید 3 کروڑ روپے موجود تھے۔

عدالت نے بھکاری سے 7 لاکھ روپے چھیننے کے الزام پر تھانیدار اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

Read Comments