وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ بغاوت کرنے والوں کو حساب دینا ہوگا، انہیں معافی نہیں ملے گی۔
باغ آزاد کشمیر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے، کشمیر پاکستان کی سانسوں میں بسی بستی ہے، ملک میں ترقی ہوئی تو کشمیر میں بھی ترقی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالا، نواز شریف نے دنیا کے دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کیئے، بھارت کے دھماکے کرنے پر کشمیری بھائی فکر مند تھے، نوا زشریف نے 28 مئی کو بھارتی دھماکوں کاجواب دھماکوں سے دیا اور پاکستان اسلامی دنیا میں ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں بجلی سرپلس تھی، انہیں سازش کے تحت ہٹایا گیا تو لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی دونوں بڑھ گئی لیکن انہوں نے دوبارہ اقتدار سنبھال کر لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قائد ن لیگ کو ایک بار سازش کے تحت ہٹایا گیا جب کہ دوسری بار بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے گزشتہ ایک سال کے دوران جعلی پلاسٹر چڑھایا ہوا ہے، گرفتاری سے بچنےکے لئے جوڈیشری پر حملے کیے گئے، زمان پارک سے پولیس پر پیٹرول بم پھینکے گئے۔
9 مئی کے واقعات پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اس روز حساس تنصیبات پر حملے کیے گئے، فوج اور ریاست پر حملہ کیا گیا اور کہا گیا احتجاج ہے، لہٰذا بغاوت کرنے والوں کو حساب دینا ہوگا، انہیں معافی نہیں ملے گی۔