لاہور ہائی کورٹ نے سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی درخواست پر وفاقی حکومت اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے بشری بی بی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور دیگر فریقین سے 7 جون تک جواب طلب کرلیا۔
اس سے قبل بشری بی بی نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور چاروں صوبوں کے آئی جیز کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اطلاعات ہیں بشری بی بی کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں سیل کردیا گیا ہے۔
بشریٰ بی بی نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ شفاف ٹرائل کے لئے مقدمات کے اندراج کی معلومات ہر شہری کا قانونی حق ہے، لہٰذا درج مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے۔