Aaj Logo

شائع 06 جون 2023 01:29pm

دس ارب ہرجانہ کیس، خواجہ آصف کی درخواست کے خلاف فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے دس ارب ہرجانہ کیس میں خواجہ آصف کی اضافی دستاویزات جمع کرانے کی درخواست منظور کرنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے چیئرمین تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی جس میں ٹرائل کورٹ کے اس آرڈر کو چیلنج کیا گیا تھا جس میں خواجہ آصف کی جانب سے اضافی دستاویزات جمع کرانے کی درخواست منظور کی گئی تھی۔

درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر ولید اقبال عدالت میں پیش ہوئے۔ خواجہ آصف کے وکیل نے بتایا کہ خواجہ آصف نے کچھ دستاویزات دیں اور ترمیم کی جسے ٹرائل کورٹ نے منظورکیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ یہ دستا ویزات دوران جرح سامنے آئی تھیں، وکیل نے جواب دیا کہ میں اس پر تفصیل سے آتا ہوں پہلے سیشن کورٹ کا آرڈر پڑھ لیتے ہیں۔ خواجہ آصف کے وکیل نے سیشن کورٹ کا آرڈر پڑھ کر سنایا جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ نے ہرجانہ کیس میں خواجہ آصف کی اضافی دستاویزات جمع کرانے کی درخواست منظورکی تھی جس کے خلاف پی ٹی آئی چیئرمین نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

Read Comments