Aaj Logo

اپ ڈیٹ 06 جون 2023 07:36pm

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کی جانب سے رہائی کا تحریری حکم نامہ جاری ہونے پر شاہ محمود قریشی کو رہا کیا گیا۔

رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کا حصہ رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی انصاف کا جھنڈا ہمارے ہاتھ میں ہے، بدھ کو پارٹی چیئرمین سے ملنے لاہور جارہا ہوں، ان سے رہنمائی لوں گا، آج بھی کارکنان جیلوں میں ہیں، آزمائش کا وقت ہے، ہر غروب کے بعد طلوع بھی ہوتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے فیملی اور وکلاء ٹیم کا شکریہ ادار کرتے ہوئے کہا کہ میری اہلیہ بیمار اور اسپتال میں تھیں لیکن مجھے اسلام آباد آنا پڑا، اہلیہ نے کہا آپ جائیں ہماری فکر نہ کریں، قید تنہائی میں کس کو اکسا سکتا تھا؟

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف سے کارکنوں کو کہتا ہوں آزمائش کا وقت ہے، حوصلے میں رہیں، ہمت نہ ہاریں، ہر غروب کے بعد طلوع بھی ہوتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کا فیصلہ کالعدم قرار

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کا حکم نامہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی کو ایم پی او آرڈر کے تحت گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کہا تھا کہ ہر چیز مذاق نہیں ہوتی، ماضی میں جو کچھ ہو چکا، اس کو چھوڑ دیں، مستقبل میں ایسا نہ ہو۔

شاہ محمود قریشی کی جانب سے ان کے وکلاء نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے تھری ایم او کے تحت جاری نوٹیفکیشن کوعدالت عالیہ میں چیلنج کرتے ہوئے فوری رہائی کی استدعا کی تھی جس پرعدالت عالیہ نے پٹیشن میں فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔

منگل کے روزسماعت کے موقع پرلاء آفیسر نے سرکار کی جانب سے پیروی کرتے ہوئے جواب داخل کروانے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی تاہم عدالت نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت میں ایک گھنٹے کا وقفہ کردیا جبکہ لاء آفیسر کو حکومت سے پوچھ کرجواب دینے کی ہداہت کردی۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف اگرکوئی ثبوت ہے تو عدالت میں پیش کریں۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات جمع کرائی گئیں۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی کے خلاف پنجاب میں مجموعی طور پر 9 مقدمات درج ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی رہنما کے خلاف ملتان میں 5 جبکہ لاہور میں 4 مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔

جسٹس علی باقر شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے لئے درخواست کی سماعت کچھ دیر بعد کریں گے۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت کا کہنا تھا کہ بتایا جائے شاہ محمود قریشی کے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں، درخواست گزار کا پتہ اسلام آباد کا اور شاہ محمود قریشی کا تعلق ملتان سے ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ نظربندی کا معاملہ راولپنڈی انتظامیہ نے جاری کیا تو درخواست لاہور میں کیوں دائر کی گئی۔

وکیل کا مؤقف سننے کے بعد عدالت عالیہ نے شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات آج طلب کی تھیں۔

Read Comments