پنجاب کی نگراں حکومت کے خاتمے سے متعلق کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ یہ تاثر نہیں ملنا چاہیے جیسے عبوری حکومت طاقت میں رہنا چاہتی ہے، نگراں حکومت کو غیر جانبدار ہونا چاہیے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شیخ رشید اور زمان وردگ کی نگراں پنجاب حکومت کو ختم کرنے اور نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی اور آئندہ سماعت پر فریقین سے تحریری جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ موجودہ نگراں حکومت اپنی مدت پوری کرچکی ہے اور غیر آئینی طور پر کام کر رہی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ نگراں پنجاب حکومت کو ختم کرکے تمام پارٹیز سے مشاورت کے بعد نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے کا حکم دیا جائے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جواب جمع کروانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ یہ تاثر نہیں ملنا چاہیے جیسے نگراں حکومت طاقت میں رہنا چاہتی ہے، عبوری حکومت کو غیر جانبدار ہونا چاہیے، ہر بات پر نگراں حکومت کا جواب دینا ضروری نہیں ہے۔ کیا نگراں حکومت چاہتی ہے کہ انہیں حکومت کرنے دی جائے۔