پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار اور لکھاری محمد احمد نے کہا ہے کہ ناظرین ایسے ڈراموں کو پسند کرتے ہیں جن میں لڑکیوں کو مظلوم دکھایا گیا ہو۔
حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام ’مذاق رات‘ میں انہوں نے شرکت کی جس کی میزبان نامور ہدایت کار اور لکھاری واسع چوہدری کے سوال پر اداکار محمد احمد نے کہا کہ اسکرین پر لڑکی پر تشدد ہوتا رہے، مظلوم لڑکی دکھائی جائے یا پھر زیادہ سے زیادہ رومانوی کہانی لو ٹرائی اینگل دکھائی جائے تو قارئین دیکھتے رہیں گے لیکن جب کسی سیریل پر لڑکی کو خودمختار اور مضبوط دکھایا جائے لوگ چینل بدل دیتے ہیں۔
محمد احمد کا کہنا تھا کہ ایک رائٹر وہی لکھتا ہے جو کہا جاتا ہے، ایک رائٹر کی اپنی کوئی سوچ نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اگر آپ رائٹر ہیں اور آپ کی اپنی سوچ ہے تو آپ کو لکھنا نہیں چاہیے، کیونکہ آپ کی اپنی سوچ سے لکھا اسکرپٹ منظور نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ نے اسکرپٹ پر عقل و دانش کی بات کی ہے تو کہا جائے گا کہ یہ کسی کو سمجھ نہیں آئے گا۔
محمد احمد نے کہا کہ میرے خیال سے ہمیں منشی ہونا چاہیے اور ہر بات پر ہاں کہنے کی عادت ہونی چاہیے تب ہی ہم اچھے لکھاری بن سکتے ہیں۔