پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ایک اور وکٹ گر گئی۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی عائشہ اقبال نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے کپتان سے راہیں جدا کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی کی خاتون رکن عائشہ اقبال نے بھی پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔ عائشہ اقبال مخصوص نشست پرتحریک انصاف کی ایم پی اے رہ چکی ہیں۔
گزشتہ روز بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم رہنما احسان اللہ خاکسار اور احتشام جاوید اکبر نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کر لیں تھیں۔
پی ٹی آئی کے صوبائی رہنماء احسان اللہ خاکسار کا کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات قابلِ مذمت ہیں، فوجی تنصیبات پر حملہ شرمندگی کا باعث بنا، فوجی تنصیبات ہر حملے کو ملک پر حملے کے مترادف سمجھتےہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے تھے فوج کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ اپنی بہادر افواج کے ساتھ رہیں گے، آج سے پی ٹی آئی کو خیر باد کہتا ہوں، اب پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں رہا۔
اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن صوبائی اسمبلی احتشام جاوید اکبر نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پہاڑ پور تعلق رکھنے والے سابق رکن صوبائی اسمبلی احتشام جاوید اکبر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم ملک کو ٹھیک کرنے آئے تھے لیکن 9 مئی کو ملک بھر میں جو کچھ ہوا اس کی پہلے بھی مذمت کی اور آج بھی کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی یادگاروں کو جلایا گیا تاہم جنہوں نے یہ سب کچھ کرایا اور جو ملوث تھے انہیں پکڑا جائے اور سزا دی جائے، جو بے گناہ ہیں انہیں چھوڑا جائے۔