سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستیں 8 جون کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 8 رکنی بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔
سپریم کورٹ نے یکم جون کو سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی تھی۔
گزشتہ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل اور نظرثانی قانون میں کچھ شقیں ایک جیسی ہیں، دونوں قوانین کو باہمی تضاد سے بچانے کے لیے دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ دونوں قوانین میں ہم آہنگی کے لیے پارلیمنٹ کو دیکھنے کا کہہ سکتے ہیں، پارلیمنٹ کو معاملہ بھیجنے سے لگے گا اس پر فیصلہ کر دیا ہے، آپ کی اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔