ایبٹ آباد کے ایک نجی اسپتال میں ڈاکٹر نے معمر خاتون کے بازو کے بجائے آنکھ کا آپریشن کردیا۔
خاتون کا بازو ٹوٹ گیا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا لیکن ڈاکٹر نےغلطی سے خاتون کی آنکھ کا آپریشن کردیا جس پرخاتون کے اہل خانہ نے احتجاج کیا۔
خاتون جب آپریشن تھیٹر سے باہر آئیں تو ان کے اہل خانہ دیکھ کر سراپا احتجاج بن گئے، جس پر ڈاکٹر نے کہا کہ آپریشن تھیٹر میں کسی آنکھ کے مریض کی فائل اس مریض کے ساتھ آئی تھی، جس وجہ سے خاتون کی آنکھ کا آپریشن ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیصل خانزادہ اور اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) ثقلین نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسپتال سیل کرنے کے ساتھ ہی 6 آپریشن تھیٹرز سیل کرکے اسپتال کو کل تک بند کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر فیصل خانزادہ کا کہنا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر خالد بن سیلم کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ متاثرہ خاتون کے لئے کسی معاوضے کا اعلان نہیں کیا گیا اوراہل خانہ مریضہ کو لے کر گھر چلے گئے۔