پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی گرفتاری کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما مراد سعید پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا پولیس کو مطلوب ہیں، پولیس حکام کے مطابق مراد سعید کی سوات اور بٹ خیلہ میں موجودگی کی اطلاعات ہیں اور ان کی گرفتار ی کے لیے پو لیس چھاپے مار رہی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے کبل میں رات گئے مراد سعید کے گھر پر چھاپہ بھی مارا تھا لیکن سابق وفاقی وزیر گھر پر موجود نہیں تھے۔
دوسری طرف پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر رہا ہونے والے پی ٹی آئی کے 13 کارکن دوبارہ گرفتار کر لئے گئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے شاہد خٹک کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے شاہد خٹک کو جیل بھیج دیا اور بعد میں ضروری کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انھیں کرک پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ شاہد خٹک 9 اور 10 مئی واقعات کے بعد روپوش تھے جنھیں گزشتہ روز ضلع بونیر سے گرفتار کیا گیا تھا۔