پشاور میں بی آر ٹی سروس بند ہونے کا خدشہ مزید بڑھ گیا ۔ بی آرٹی بسیں چلانی والی کمپنی نےنگراں وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا کو دوبارہ خط لکھا دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی سروس پیر 5 جون سے بند ہو سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ کو لکھے جانے والے خط کی کاپی آج نیوز کو موصول ہو گئی ہے جس کے مطابق کمپنی کے 75 کروڑ روپے واجب الادا ہیں ۔ اس لیے بی آر ٹی پیر سے بند ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمپنیوں کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پیر سے ہڑتال کی کال دی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 4 ماہ سے ادائیگی نہیں کی جارہی، اب کمپنی کے 75 کروڑ روپے واجب الادا ہیں اور رقم کی عدم ادائیگی پر سروس نہیں چلائی جاسکتی۔ بی آرٹی سروس بند کیے جانے سے 3 لاکھ مسافر متاثر ہوں گے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کئی بار حکام کو آگاہ کیا لیکن شنوائی نہیں ہوئی، اب بقایاجات کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
بی آر ٹی بسیں چلانے والی کمپنی نے خط کی کاپی وزیرٹرانسپورٹ، چیف سیکرٹری،سیکرٹری ٹرانسپورٹ کوبھی ارسال کی ہے۔