سندھ ہائیکورٹ نے صوبے میں اساتذہ کی بھرتیوں پر مزید کارروائی روکنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا کہنا ہے عدالتی حکم کے بعد کسی امیدوار کو جوائننگ آرڈر جاری نہ کیا جائے۔
سندھ ہائیکورٹ میں صوبے میں اساتذہ کے بھرتیوں کی پالیسی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ سیکریٹری تعلیم اکبر لغاری عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت عالیہ نے سندھ بھر کے اساتذہ کی بھرتیوں کی مزید کارروائی روک دی۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد کسی امیدوار کو جوائننگ آرڈر جاری نہ کیا جائے۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ یہ ہارڈ ایریا اور سافٹ ایریا کیا ہوتا ہے، کون سے علاقے ہارڈ ایریا قرار دیئے گئے ہیں۔ جس پر سیکریٹری تعلیم نے جواب دیا کہ گھوڑا باری، تھانا بولاخان، گھارو چھان سمیت دیگرعلاقے ہارڈ ایرا ہیں۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ بولے تھانا بولا خان جامشورو ضلع میں ہے جہاں 3 بڑی جامعات ہیں، آپ نے تھانا بولا خان کو کیسے ہارڈ ایریا قرار دیا۔ ریمارکس میں مزید کہا کہ یہ سارے آپ کے سیاسی مفادات کے گر ہیں، اب کسی کو بھی آرڈر جاری نہ کیا جائے۔
عدالت نے سماعت اگست کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔ اس سے قبل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ہارڈ ایریا کا جواز بنا کر اپنے لوگوں کو 33 مارکس پر پاس کیا گیا، پورے سندھ میں ایک ہی قانون ہونا چاہئے، صوبے بھر میں پی ایس ٹی، جے ایس ٹی کے امیدوار کو 33 مارکس پر پاس قرار دیا جائے۔