گزشتہ روز وائرل ویڈیو میں چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ کی تقریب حلف برداری کے دوران ایک دوسرے سے منہ موڑنے والے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمرعطا بندیال اور سینیئرترین جج قاضی فائز عیسیٰ نے آج شجر کاری مہم کے تحت سپریم کورٹ کے احاطے میں ایک ساتھ پودے لگائے۔
چیف جسٹس عمرعطابندیال اورجسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے اس دوران آپس میں بات چیت کے علاوہ پودے لگانے کے بعد دُعا بھی کی۔
ادارے کیلئے بہتری کی دُعا کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ سب کیلئے اور ادارے کیلئے برکت کرے۔
شجرکاری مہم میں چیف جسٹس اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے علاوہ جسٹس منصور علی شاہ اورجسٹس اطہرمن اللہ بھی شریک تھے۔
اس دوران وہاں موجود صحافیوں میں سے کسی نے چٹکلہ چھوڑا، ’یہ بہت اچھا ہے سر‘ ۔۔۔ جواب میں چیف جسٹس کی جانب سے کہا گیا کہ ’ یہ پھلے پھولے گا’۔
چیف جسٹس کےاس جواب پر صحافی نے فوراً کہا، ’یہی پھلے پھولے گا‘ ، اس پر وہاں موجود حاظرین نے قہقہے بکھیرے۔