Aaj Logo

شائع 01 جون 2023 03:42pm

پشپا 2 کے عملے کی بس کو حادثہ، ’پشپا کہاں ہے‘

بھارت کے ہٹ اداکار اَلّو ارجن کی فلم ”پُشپا: دی رول“ جسے پشپا 2 بھی کہا جاتا ہے، اس کی شوٹنگ تیز رفتاری سے جاری ہے۔ لیکن بدھ کو ایک حادثہ پیش آیا ہے۔

”پشپا 2“ کے فنکاروں کو لے کر تلنگانہ سے آندھرا پردیش واپس آنے والی بس ایک دوسری کھڑی بس سے جا ٹکرائی۔

اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ حیدرآباد وجے واڑہ ہائی وے پر نارکیت پلی کے قریب پیش آیا۔

حادثے میں زخمی ہونے والے دو فنکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ”پشپا 2“ یونٹ بس کے ڈرائیور نے آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس کو نہیں دیکھا، اور وہ اس سے جا ٹکرایا۔

حادثے کی وجہ سے چند گھنٹوں تک شدید ٹریفک جام رہا۔

پولیس نے اس حوالے سے تفتیش شروع کردی ہے۔

رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس حادثے کے بارے میں مزید جاننے کے لیے قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے۔

’پشپا کہاں ہے‘

اپریل میں، الو ارجن کی سالگرہ کے موقع پر میکرز نے مداحوں کیلئے ایک خصوصی ویڈیو جاری کی۔

”پشپا کہاں ہے“ کے عنوان سے جاری اس ویڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ پشپا تروپتی جیل سے گولیوں کے زخموں کے ساتھ فرار ہوا ہے اور مفرور ہے۔ ویڈیو کا اختتام اس سوال پر ہوتا ہے، ”پشپا کہاں ہے“۔

پشپا 2 کے بارے میں کچھ

فلم کے دوسرے حصے میں الو ارجن اور فہد فیصل کے آمنے سامنے آنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ جو پہلے حصے کے اختتام پر سب سے بڑے مخالف کے طور پر متعارف ہوئے تھے۔

اس فلم میں رشمیکا منڈنا بھی ہیں، جو سری ولی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم کے ہدایت کار سوکمار ہیں۔

Read Comments