قطری وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمان الثانی نے افغانستان میں طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخون زادہ کے ساتھ اہم ملاقات کی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت عالمی برادری کے ساتھ تناؤ میں کمی لانے سے متعلق بات چیت کی گئی۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ قطری وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمان الثانی اور افغان طالبان کے سربراہ ہیبت اللہ اخونزادہ کے درمیان خفیہ ملاقات 12 مئی کو افغانستان کے شہر قندھار میں ہوئی۔
عرب میڈیا کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع نے بتایا کہ شیخ محمد کی جانب سے اخونزادہ سے خواتین کی تعلیم اور نوکریوں پر پابندی ہٹانے سمیت سفارتی تنہائی کے خاتمے سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کو قطری سفارتکاری کی ایک کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جو کہ کابل اور عالمی برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو دونوں رہنماؤں کی ملاقات اور تمام معاملات پر ہونے والی بات چیت کے بارے میں بتایا گیا جبکہ مستقبل میں افغان طالبان کے ساتھ ہونے والے ڈائیلاگ سے بھی آگاہی دی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس، محکمہ خارجہ اور واشنگٹن میں قطری سفارت خانے کی جانب سے دونوں رہنماؤں کی ملاقات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا گیا ہے جبکہ طالبان نے بھی ملاقات کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔