سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کی گرفتاریوں سے متعلق کیس میں سندھ حکومت کو 9 جون کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے گرفتار یو سی چیئرمینز سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاریوں سے متعلق حافظ نعیم کی درخواست پرسماعت ہوئی۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ جنہیں گرفتارکیا گیا وہ لوگ کہاں ہیں خود درخواست کیوں نہیں دیتے؟
وکیل جماعت اسلامی نے کہا کہ یوسی چیئرمین حافظ نعیم الرحمان کے ووٹرز ہیں اس لیے ہم آئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ تمام منتخب نمائندوں کے حلف کو یقینی بنائیں۔
عدالت نے سندھ حکومت کو 9 جون کے لیے نوٹس جاری کردیے۔
سندھ ہائیکورٹ نے ایڈوکیٹ جنرل کو گرفتار یو سی چیئرمینز سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکلاء کو بھی گرفتار یوسی چیئرمینز کی گرفتاری کے احکامات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔