پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بحریہ ٹاؤن اسپتال پہنچ گئے، جہاں معائنے کے بعد وہ چوہدری شجاعت حسین اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری دبئی سے خصوصی طیارے سے لاہور پہنچے، وہ سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے بلاول ہاؤس روانہ ہوئے۔
آصف علی زرداری چند گھنٹے آرام کے بعد معمول کے طبی معائنے کیلئے بحریہ ٹاؤن اسپتال پہنچ گئے، وہ اسپتال میں اپنا معمول کا طبی معائنہ کروائیں گے اور ان کے ضروری ٹیسٹ کئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری آج لاہور میں مصروف دن گزاریں گے، وہ آج شام 4 بجے چوہدری شجاعت سے ملنے جائیں گے، جب کہ وہ آج بلاول ہاؤس میں پارٹی رہنماوں سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری آج شام 6 بجے پارٹی میں شامل ہونے والے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، اور آج رات 8 بجے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
سابق صدر پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں 9 مئی کے واقعات کے بعد کی صورت حال کے تناظر میں سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان کا لاہور میں قیام 3 دن تک ہوگا۔