کراچی کی شارع فیصل پر ایس ایس پی کورنگی طارق نواز پر تشدد اور فیملی سے بدتمیزی کرنے والے نشے میں دھت نوجوانوں کو پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی کورنگی بغیر اسکواڈ اپنی فیملی کے ہمراہ گاڑی میں موجود تھے کہ ویگو گاڑی میں سوار نشے میں دھت اوباش نوجوانوں نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری، اور پھر ایس ایس پی پر تشدد کرتے ہوئے ان کی فیملی سے بدتمیزی کی۔
پولیس کے مطابق واقعہ تین روز قبل رات کے وقت پیش آیا، واقعہ کے بعد پولیس نے سہراب گوٹھ اور الآصف اسکوائر کے قریب مارے گئے چھاپوں میں 9 افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اوباش نوجوانوں نے گاڑی کرائے پر لی تھی، جس کے رجسٹریشن نمبر سے ملزمان تک پہنچا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ 22 افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
گاڑی کے مالک اور مرکزی ملزم نجیب نے اعتراف کرتے ہوئے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ گاڑی میں سوار نوجوانوں سمیت ڈرائیور نشے میں تھا، تیر رفتار گاڑی نے پولیس افسر کی گاڑی کو ٹکر ماری اور بدتمیزی کی۔
پولیس کے مطابق حادثے میں پولیس افسر اور اس کے اہلخانہ محفوظ رہے۔