پی ٹی آئی کی سینئرنائب صدر ویمن ونگ پنجاب کنیز فاطمہ نے سیاست او رسابق ایم این اے اسلم خان نے جماعت سے علیحدہ ہونے کا اعلان کردیا۔
9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں کا پارٹی چھوڑنے کا تسلسل آج بھی جاری ہے، اب تک 3 درجن سے زائد رہنماؤں نے تحریک انصاف سے راہیں جدا کرلی ہیں۔
کراچی پریس کلب میں تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے سابق ایم این اے اسلم خان نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہ اس دن جو کچھ بھی ہوا نہیں ہونا چاہئے تھا، ان واقعات کے پیچھے کون ہے اسے پکڑا جانا چاہئے، اور بے گناہ گرفتار افراد کو رہا کیا جانا چاہئے۔
اسلم خان نے کہا کہ پاک افواج عوام کی ہر مشکل میں ساتھ کھڑی ہوتی ہے، بارش، سیلاب، زلزلہ پاک افواج ہمہ وقت تیاررہتی ہے، ہم پاک افواج کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، ہم سیاست میں عوام اور ملک کی خدمت کیلئے آئے تھے، اور میں نے اپنے حلقے کیلئے بہت کام کیا ہے۔
آج تحریک انصاف ویمن ونگ پنجاب کی سینئر نائب صدر کنیز فاطمہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا۔
کنیز فاطمہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو واقعات ہوئے وہ نہیں ہونے چاہئے تھے، کوئی بھی محب وطن پاکستانی 9 مئی کے واقعات کو اچھا نہیں سمجھتا۔
کنیز فاطمہ نے سیاست سے ہی کنارہ کشی کرلی اور کہا کہ اپنی فیملی کو وقت دینا چاہتی ہوں، جس وجہ سے سیاست جاری نہیں رکھ سکتی۔