لاہورہائیکورٹ نے نگراں حکومت پنجاب کو ختم کرنے اور نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔
لاہور ہائی کورٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے پنجاب کی نگران حکومت کو کام سے روکنے اور نئی کابینہ تشکیل دینے کی درخواست دائر کی۔ جسٹس شاہد کریم نے درخواست پر سماعت کی۔
شیخ رشید نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں مؤقف پیش کیا کہ نگران حکومت کی 90 دن کی مدت پوری ہو چکی ہے، آئینی طور پر نگران حکومت مزید کام نہیں کرسکتی، عدالت نگران حکومت کو کام سے روکنے کا حکم دے۔
عدالت نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا، اور درخواست کی سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی۔