Aaj Logo

شائع 28 مئ 2023 09:45pm

افغان طالبان کی ایران کو سخت الفاظ میں وارننگ

سرحدی جھڑپوں کے بعد افغان طالبان نے ایران کو سخت الفاظ میں وارننگ دی ہے۔

طالبان رہنما نے افغان ایران سرحد پر ہونے والی جھڑپ اور اس میں ہلاکتوں کے بعد کہا ہے کہ ’اگر امارت اسلامیہ کے شیوخ امارت اسلامیہ کے مجاہدین کو اجازت دیں تو امارت اسلامیہ کے مجاہدین 24 گھنٹوں کے اندر اندر ان شاء اللہ ایران پر قبضہ کر لیں گے۔ ایران ہماری طاقت کا امتحان نہ لے۔‘

طالبان کمانڈر کا یہ دھمکی آمیز بیان ان سرحدی جھڑپوں کے بعد سامنے آیا ہے، جن کے نتیجے میں 3 ایرانی سرحدی محافظ ہلاک اور دو شہری زخمی ہوئے تھے۔

یہ جھڑپیں ایرانی سرحدی محافظوں اور طالبان سیکیورٹی فورسز کے درمیان زابل کے سرحدی علاقے میں ساسولی کے مقام پر ہوئی ہیں جس میں ہر قسم کے ہتھیاروں کے ساتھ گولہ باری کا تبادلہ کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق یہ جھڑپیں دریائے ہلمند کے پانی کے انتظام پر اختلاف کی وجہ سے ہوئی تھیں۔

دونوں اطراف نے ہفتہ کے روز کابل میں تناؤ کم کرنے کے لیے دریا کے پانی کے انتظام پر مشاورت کی ہے۔

ایرانی میڈیا نے فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی تصدیق کی ہے۔

ایرانی ”پاسدارانِ انقلاب“ سے وابستہ چینلز نے ایسے ویڈیو کلپس نشر کیے جن میں افغانستان اور ایران کے درمیان سرحدی علاقے میں فائرنگ کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔

طالبان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبد النافع تاکور نے ایک بیان میں کہا کہ آج ایرانی بارڈر فورسز نے صوبہ نمروز میں افغانستان کی طرف فائرنگ کی جس کا جوابی ردعمل سامنے آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لڑائی کے دوران ہر طرف ایک ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ حالات اب قابو میں ہیں۔ ہم اپنے پڑوسیوں سے لڑنا نہیں چاہتے۔

افغان طلوع ٹی وی نے طالبان حکومت کے حوالے سے ایران کے بارے میں کہا کہ جنگ چھیڑنے کے لیے بہانے گھڑنا کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور مذاکرات ہی مسائل کے حل کا بہترین طریقہ ہے۔

ٹیلی گرام پر ”پاسداران انقلاب“ چینلز نے اشارہ دیا کہ متعدد ایرانی سرحدی محافظ مارے گئے ہیں۔

انگریزی زبان کے اخبار ”تہران ٹائمز“ نے بھی شائع کیا تھا کہ تصادم کے دوران تین ایرانی فوجی مارے گئے۔

ایک ادارے نے ایرانی فورسز کی صفوں میں کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

تاہم سرکاری خبر رساں ایجنسی ISNA نے ایرانی پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ جھڑپوں میں اس کے دو اہلکار مارے گئے۔

افغانستان کی جانب سے مقامی ذرائع نے بتایا کہ 11 افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ افغان طالبان کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ دو ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔

صوبہ بلوچستان میں ایرانی بارڈر گارڈ کمانڈ سنٹر نے کہا ہے کہ ’سرحدی محافظوں نے بھاری گولہ باری سے طالبان کو بھاری نقصان پہنچایا۔ زرنج شہر کو بھاری ہتھیاروں اور میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔‘

پاسداران انقلاب سے وابستہ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ ایران اور افغان سرحدی محافظوں کے درمیان ہونے والے اجلاس کے بعد رک گیا۔ دونوں فریقوں کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کردیا گیا۔ ایرانی فورسز کی جانب سے میزائلوں کے استعمال کی خبریں سراسر غلط ہیں۔

ایران کی انٹرنل سیکورٹی فورسز کی قیادت نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ اس کی افواج سرحد کی کسی بھی خلاف ورزی کا مضبوطی سے جواب دیں گی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر نے ایرانی پولیس کے ڈپٹی کمانڈر انچیف قاسم رضائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ طالبان نے زابل کے سرحدی علاقے میں واقع ساسولی چوکی پر فائرنگ کی ہے۔ اس میں ہر قسم کے ہتھیار استعمال کیے گئے ہیں۔

رضائی نے کہا کہ طالبان کی طرف سے فائرنگ بین الاقوامی قوانین اور اچھی ہمسائیگی کے اصول کی پاسداری کے برخلاف ہے۔

انہوں نے کہا پہلے مرحلے پر ایرانی سرحدی محافظوں نے دوسری فورسز کو ضروری انتباہ جاری کیا لیکن بدقسمتی سے دوبارہ فائرنگ شروع کر دی گئی۔

یہ کشیدگی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کابل میں ایرانی صدر کے خصوصی ایلچی برائے افغان امور حسین کاظمی قمی کے ساتھ مشاورت کر رہے تھے۔

سرکاری IRNA نیوز ایجنسی نے کہا کہ طالبان نے ایران کے ساتھ مسائل کو بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔

ایران نے حالیہ دنوں میں دریائے ہلمند میں پانی کی کمی کی وجہ سے اپنے مشرقی پڑوسی پر دباؤ ڈالا اور افغان فریق پر ایران کو پانی کے حصہ سے محروم کرنے کا الزام لگایا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی جانب سے ”طالبان“ حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار پر زور دیا گیا ہے۔

ایران اور افغانستان کے حکام کے درمیان ملاقات کے متوازی طور پر دونوں اطراف سے فوجی کارروائیوں کی دھمکی کی ویڈیوز بھی گردش کر رہی ہیں۔

یہ واقعہ دریائے ہلمند کے پانی کی تقسیم پر افغانستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے، اور مؤخر الذکر نے کابل پر الزام لگایا ہے کہ اس نے 1973 میں طے پانے والے ایک معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کے ذریعے دریائے سے پانی کے بہاؤ کو کم کر کے خشک سالی سے متاثرہ مشرقی علاقوں تک پہنچایا گیا ہے۔ ایران جس کی افغانستان نے تردید کی۔

Read Comments