کراچی میں کمشنر نے رضویہ تھانے پرچھاپہ مار کر حبس بے جا میں رکھے شہری کو بازیاب کروالیا۔ ملیر سے اغوا کیے گئے شخص کے اہل خانہ سے 25 لاکھ روپے تاوان طلب کیا جارہا تھا۔
سیشن جج سینٹرل کے احکامات پر کمشنر نے رضویہ تھانے پر چھاپہ مار کر شہری کو بازیاب کروا یا۔ چھاپے کے وقت ایس ایچ او رضویہ غلام نبی آفریدی فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق شہری ریحان کو انیس بیگ، بابل بلوچ اور دیگر نے ملیر میں واقع نجی سوسائیٹی سے اغوا کرکے رضویہ تھانے میں رکھا۔ شہری ریحان احمد کی تھانے میں کسی قسم کی انٹری نہیں کی گئی تھی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ایس ایچ او رضویہ اور پولیس پارٹی نے شہری پر تشدد کیا اور اہل خانہ سے بازیابی کیلیے 25 لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ ایس ایچ او رضویہ اور پولیس پارٹی اہلخانہ سے ایک ہفتے تک توڑ جوڑ کرتے رہے۔
سینئر وکیل جی ایم بگھیو نے شہری کی بازیابی کیلیے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا جس کے بعد سیشن جج سینٹرل کے احکامات پر کمشنر نے رضویہ تھانے پر چھاپہ مار کر شہری کو بازیاب کروایا۔