عالمی بینک نے بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے لئے امداد کی منظوری دے دی۔
عالمی بینک نے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے لئے 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالر امداد کی منظوری دے دی ہے، عالمی بینک کےبورڈ نے واشنگٹن میں امداد کی منظوری دی۔
عالمی بینک کے مطابق مالی امداد پوسٹ فلڈز بحالی پروگرام کا حصہ ہے، یہ رقم بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں روزگاراور ضروری خدمات کی فراہمی پر خرچ ہو گی، جس سے مجموعی طورپر 27 لاکھ کی متاثرہ آبادی کو فائدہ ہوگا۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ امدادی پیکج سے صوبے کی آبادی کو قدرتی آفات کے خلاف تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کے مطابق سیلاب سے متاثر کمیونٹی کی مدد کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ آبادی کو روزگار، زراعت اورانفرا اسٹرکچر تعمیر میں مدد دی جارہی ہے، اس کے علاوہ 35 ہزار 100 افراد کو گھروں کی تعمیر کیلئے گرانٹ دی جائے گی۔