عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 21 ڈالر اور پاکستان میں فی تولہ سونا 1800 روپے سستا ہوگیا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 21 ڈالر کی کمی ہوئی اور عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 1961 دالر کی سطح پر آگیا۔
دوسری جانب ڈالر کی قدرمیں کمی کے بعد پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کے روز فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمت میں بالترتیب 1800 روپے اور 1543 روپے کی کمی ہوگئی۔
آل سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، ملتان، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور اور فیصل آباد میں فی تولہ سونا سستا ہو کر 2 لاکھ 36 ہزار روپے کا ہوگیا، جب کہ دس گرام سونا گھٹنے کے بعد 2 لاکھ 2 ہزار 332 روپے کی سطح پر آگیا۔