وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان کے خلاف اکسانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے جنہیں ضرور سزا ملے گی۔
اسلام آباد میں عظمت شہداء کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کرکے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
عظمت شہداء کانفرنس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ قائد کا پاکستان آج ہے تو دھرتی کے سپوتوں کی وجہ سے ہے جنہوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا، قوم آج چین کی نیند شہداء کی وجہ سے سوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی جنہیں سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان شہیدوں کی قربانیوں سے قائم ہے، شہداء نے اپنے بچوں کو یتیم کرکے ہمارے بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا، لہٰذا 23 کروڑ عوام شہداء کا احترام کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے اپوزیشن کو دیوار سے لگایا، پاکستان کی تاریخ گرفتاریوں سے بھری پڑی ہے، لیکن کیا کبھی کسی گرفتاری پر کسی نے گملا بھی توڑا، 9 مئی کو درندگی ہوئی، مذموم منصوبہ بندی سے جی ایچ کیو سمیت املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو ملک میں ریڈ لائن کراس کی گئی، عمران نیازی نے اپنے کارکنوں کوشرپسندی کی تربیت دی، افواج پاکستان کے خلاف اکسانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے اور اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔