بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے آسٹریلیا پہنچنے پر سِڈنی اولمپک پارک میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں انہوں نے بھارتی کمیونٹی سے خطاب کیا، شرکت کے لیے خصوصی پروازیں اور بسیں چلائی گئیں۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ مودی کا سال 2014 کے بعد آسٹریلیا کا پہلا سرکاری دورہ ہے جہاں تقریباً 20 ہزار کے قریب آسٹریلیا میں مقیم بھارتی شہریوں نے نریندرمودی کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم نریندر مودی پیر کو تین روزہ دورے پر سڈنی پہنچے، انہوں نے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی اور بھارتی شہریوں سے خطاب بھی کیا۔
اس دورے کے حوالے سے یہ خیال کیا جارہا ہے کہ مودی آسٹریلیا سے ملنے والی بھارتیوں کی حمایت کو آئندہ انتخابات میں اپنے حق میں استعمال کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ حال میں ہی بھارتی ریاست کرناٹک میں ہونے والے انتخابات میں مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست ہوئی تھی۔
آسٹریلیا کے مقامی میڈیا اے بی سی نیوز نے رپورٹ کیا مودی کے آمد کے موقع پر خصوصی پروازوں اور بسوں کے ذریعے بھارتی شہریوں کو میلبرن اور کوئینز لینڈ سے سڈنی لایا گیا۔
مودی کے حامیوں کو میلبرن سے سڈنی لانے والی مقامی ایئرلائن ’کانٹاس‘ کی پرواز کو ’مودی ائرویز‘ اورکوئینز لینڈ سے سڈنی لانے والی بسوں کو ’مودی ایکسپریس‘ کے نام سے منسوب کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دورہ برطانیہ اور امریکا کے دوران بھی مودی نے بڑے مجموں سے خطاب کیا تھا جس سے وہاں مقیم بھارتی شہریوں میں ان کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔