صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکام کو ہدایت کی کہ تمام اداروں کی قیادت بڑے چیلنجز پر توجہ دیں۔
ایوان صدر کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی کی سینئر آفیسرز لیڈرشپ کورس کے شرکاء سے ملاقات ہوئی، اس دوران صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کے لیے قومی ترجیحات پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی قیادت بڑے چیلنجز پر توجہ دیں، غربت پر قابو پانے، معیشت کی بہتری، آبادی میں اضافے کو روکنے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ ملک اور عوام کو سائبر خطرات سے بچانے کے لئے پاکستان کو اپنی سائبر صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لئے توجہ دینی چاہئے جب کہ ہمیں دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں سے ہم آہنگ رہنے کے لئے تیز رفتار فیصلوں کی بھی ضرورت ہے۔
اس دوران صدر علوی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات سے شدید تکلیف پہنچی، سکیورٹی فورسز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔