آڈیو لیکس انکوائری کمیشن نے عوام سے معلومات کی فراہمی کیلئے پبلک نوٹس جاری کردیا۔
آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق زیر تفتیش آڈیو لیکس سے متعلق جو معلومات ہوں فراہم کی جائیں۔ معلومات فراہم کرنے والے کیلئے شناخت ظاہر کرنا لازمی ہوگا، نامعلوم ذرائع سے ملنے والی معلومات قبول نہیں کی جائیں گی۔
پبلک نوٹس میں سیکرٹری کمیشن کا فون نمبر، ای میل ایڈریس شامل ہے۔ بذریعہ ڈاک معلومات کی فراہمی کیلئے کمیشن کے سربراہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیمبرکا پتا شامل ہے۔
یاد رہے کہ آڈیو لیکس کیلئے قائم انکوائری کمیشن نے پیر کو تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا تھا جبکہ کابینہ سیکریٹری کے نوٹیفکیشن کے مطابق جوڈیشل کمیشن سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی سپریم کورٹ کے موجودہ جج اور ایک وکیل کے ساتھ آڈیو لیکس کی تحقیقات کرے گا، سابق وزیراعلیٰ اور وکیل کے درمیان مخصوص بینچز کے لیے مقرر کرنے کی تحقیقات بھی کرے گا۔
جوڈیشل کمیشن موجودہ چیف جسٹس، سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس ہائیکورٹ کے داماد سمیت آڈیو لیکس سے جڑے افراد سے بھی تحقیقات کرے گا۔
جوڈیشل کمیشن ذمے داروں کا قانون کے مطابق احتساب کرنے کا بھی فیصلہ کرے گا، یہ بھی دیکھے گا کہ کونسی ایجنسی ذمے داروں کا احتساب کرسکتی ہے۔