لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 25 مئی تک توسیع کردی۔
احتساب عدالت لاہور کے جج سجاد احمد شیخ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی۔
عثمان بزدار آج بھی عدالت پیش نہیں ہوئے جبکہ ان کے وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔
فاضل جج نے استفسار کیا کہ ملزم عثمان بزدار کہاں ہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ عثمان بزدار بیمار ہیں، سینے میں تکلیف کے باعث وہ آج پیش نہیں ہوسکتے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر آپ اس طرح کی جعلی میڈیکل رپورٹس پیش کریں گے تو میڈیکل بورڈ کا حکم جاری کر دیں گے۔
عثمان بزدار نے وکیل نے کہا کہ نیب سوالات کے جوابات جمع کروادیے گئے ہیں۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ عثمان بزدار نے سوالوں کے جواب نہیں دیے۔
احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ آخری موقع دے رہے ہیں، آئندہ سماعت پر عثمان بزدار پیش نہ ہوئے تو ضمانت خارج کردی جائے گی۔
بعدازاں عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 25 مئی تک توسیع کردی۔