پنجاب پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد کو گرفتار کرلیا جبکہ تحریک انصاف نے گرفتار کارکنوں کی تفصیلات کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر نو مئی کے پُرتشدد واقعات کے خلاف پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔
پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی رہنما ارباب جہانداد کو مری سے گرفتار کرلیا، وہ پشاور سے تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں۔
پولیس کو ارباب جہانداد خان موٹروے بند کرنے اور توڑ پھوڑ کے مقدمات میں مطلوب تھے ، ان کے خلاف پشاور کے تھانہ چمکنی میں مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے کارکنوں کی رہائی کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ لاہور میں عمران خان کی زیر صدارت قانونی ٹیم کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ جس میں گرفتار کارکنوں کی رہائی کیلئے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے کارکنوں کی تفصیلات کیلئےعدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں کارکنوں کی رہائی کے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پرغور کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتار ہونے والے رہنماؤں کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔