چیف جسٹس عمرعطا بندیال سے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے ملاقات کی۔
دو روز قبل چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے ملاقات کی تھی، اور یہ ملاقات 3 گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں زیر سماعت مقدمات اور دیگر قانونی و آئینی امور پر بات ہوئی، تاہم اس ملاقات میںچیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق ملاقات میں موجود نہیں تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نعیم اخترافغان نے چیمبر میں ملاقات کی، اور اس ملاقات میں آئینی و قانونی امور پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس اسلام آبادہائی کورٹ عامر فاروق نے بھی چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے ملاقات کی ہے۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ کے جسٹس فائز عیسیٰ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ جسٹس فائزعیسیٰ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی، تاہم چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق لاہور میں ہونے کی وجہ سے ملاقات میں شریک نہیں ہوئے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس فائز عیسی اور ہائیکورٹ کے ججز کی ملاقات میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی نئی عمارت میں منتقلی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی، اس دوران جسٹس فائزعیسیٰ نے ججز کی چائے اورکافی سے تواضع کی اور ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔