ٹیکس کا نام سُن کر آپ کے ذہن میں ’’کالی پیلی‘‘ گاڑی کا تصور آتا ہوگا لیکن نئے دور کے نئے تقاضوں کے تحت پاکستان میں پہلی مرتبہ فضائی ٹیکسی کی سروس متعارف کروائی جارہی ہے جسے آن لائن بُک کروایا جاسکے گا۔
ائرٹیکسی سروس کی عوام کو بدولت آسانی کے ساتھ نقل و حمل کا تیز ترین ذریعہ میسرآئے گا۔
نجی کمپنی اسکائی ونگز نے ایک غیرملکی سرمایہ کار کے ساتھ مل کر کراچی میں اس جدید سہولت کا آغاز کیا ہے جو آئندہ دو ہفتوں میں لوگوں کے لیے دستیاب ہوگی۔ اس حوالے سے معاہدے پردستخط کیے جاچکے ہیں۔
اِسکائی ونگز ایوی ایشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) عمران اسلم خان کے مطابق یہ سروس دیگر ٹیکسی بُکنگ ایپلی کیشنز کی طرح موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کی جاسکے گی، جس میں آپ اپنے مطلوبہ وقت اور منزل کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سروس کا کرایہ عام چارٹرڈ طیاروں سے بہت کم ہوگا، عموماً کراچی سے اندروں سندھ اور بلوچستان کے شہروں میں سفر کے لیے 25 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔
فصائی ٹیکسی سروس میں ابتدائی طور پر 2 سے 6 نشستوں والے 8 طیارے متعارف کروائے جارہے ہیں ، آنے والے دنوں میں ان کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
رواں ہفتے ہی جرمن طیارہ ساز کمپنی کا ایک DA 40 ڈائمنڈ طیارہ بھی سروس میں شامل کیا گیا ہے جس میں پائلٹ کےعلاوہ تین مسافر سیٹیں ہیں، جو تقریباً 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرسکتا ہے
اس ائر ٹیکسی سے سیاسی ،مذہبی و کاروباری شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے متمول افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔
عمران اسلم کا مزید کہنا تھا کہ اسکائی ونگزایمبولینس سروس، ون ڈے پائلٹ اور ہوابازوں کی تربیت پہلے سے کررہاہ ے، منفرد سروس کے ذریعے انتہائی قلیل وقت میں کوئی بھی یہ خدمات حاصل کرسکتا ہے۔