وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ہے کہا کہ اس کی پارٹی جس طرح سے بنائی گئی اسی طرح فارغ ہونے جارہی ہے، ان کے لیڈر بھاگے ہوئے ہیں۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران نیازی نے دھرنے سے اپنی سیاست کا آغاز کیا، کبھی دھرنا کبھی شارٹ مارچ کبھی لانگ مارچ کرتا رہا، اس نے ہمیشہ مخالفین کے خلاف ناقابل برداشت طرز عمل اختیار کیا، اس وقت کی جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ اس بچے کو جعلی الیکشن سے برسر اقتدار لائی، ان کا خیال تھا کہ یہ ملک میں کرپشن کا خاتمہ کرے گا، اس نے اقتدار میں آتے ہی مخالفین کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ میرے خلاف اس نے ایسا کیس بنایا جس کو اس کے اپنے لوگوں نے تسلیم نہیں کیا، اس کی ٹانگ کا پلستر 6 ماہ سے نہیں اتر رہا تھا، رینجرز نے پکڑا تو پہلے ہی جھٹکے میں ٹانگ ٹھیک ہوگئی۔
چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے رانا ثنا نے مزید کہا کہ یہ مخالفین کو جیلوں میں بھیج کر خوش ہوتا تھا، یہ خیال رکھتا تھا کہ کسی کے سیل میں کوئی پنکھا یا اے سی تو نہیں لگ گیا، جیل سے اتنا خوف ہے کہ 4 ماہ سے لوگوں کو ڈھال بنائے رکھا، وہاں بیٹھ کر لوگوں کی ذہن سازی کرتا رہا، نوجوانوں کو غلط طریقے بتاتا رہا۔
نو مئی کے واقعات کے تناظر میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ فوج کےخلاف الزام تراشی کرتا رہا، نوجوانوں کو گمراہی کا سبق پڑھایا، اس نے نوجوانوں سے کہا کہ گرفتار ہوا تو دفاعی تنصیبات پر حملے کرنے ہیں، لوگوں کے گھروں پر حملے کئے گئے جبکہ اب کہہ رہا ہے کہ میں نے تو کبھی تشدد کی بات ہی نہیں کی۔
لیگی رہنما نے عمران خان پر گرجتے ہوئے مزید کہا کہ تم نے لوگوں کو اس راستے پر ڈالا، کیا یہ نہیں کہا کہ مخالف نظر آئے تو انہیں گالیاں دو، گالی گلوچ کا کلچر متعارف کرایا، ان کے لیڈر اپنے کارکنوں کی خیریت تک نہیں پوچھ رہے۔