Aaj Logo

اپ ڈیٹ 21 مئ 2023 04:27pm

سانحہ 9 مئی : ملزمان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ کسی بے گناہ سے زیادتی نہیں ہوگی، اور کوئی مجرم سزا سے بچ نہیں پائے گا، 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔

لاہور میں لا اینڈ آرڈر پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ملکی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، پنجاب، کے پی اور سندھ میں مختلف واقعات رونما ہوئے، عمران نیازی نے وہ کام کیا جو 75 سال میں دشمن نہ کرسکا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ریڈیو پاکستان اور جناح ہاؤس سمیت تنصیبات کو جلا دیا گیا، ہمارے ہوائی جہازوں کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی، واقعات میں ملوث افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے، کوئی بھی قانون کے آہنی ہاتھوں سے نہیں بچ سکتا۔

اس سے قبل وزیر اعظم کی زیرصدارت ان کی اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاون لاہور میں اہم اجلاس ہوا، جس وفاقی وزراء اعظم نذیرتارڑ، مصدق ملک، عطاتارڑ، خواجہ سلمان رفیق اور دیگر لیگی رہنماؤں سمیت سیکیورٹی حکام اورنگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں معاشی، سیاسی، اور قانونی معاملات کا جائزہ لیا گیا، اور وزیر اعظم کی لیگل ٹیم سے مقدمات سے متعلق مشاورت کی، جب کہ وزیر قانون اعظم نذیرتار نے سپریم کورٹ میں جاری مقدمات پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 9 مئی میں ملوث تمام کرداروں کی گرفتاریوں پر قانونی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ جس پر وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کسی بے گناہ سے زیادتی نہیں ہوگی، اور کوئی مجرم سزا سے بچ نہیں پائے گا۔

Read Comments