پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کو کراچی سے سکھر جیل بھیج دیا گیا جبکہ علی زیدی کو جیکب آباد منتقل کردیا گیا۔
فردوس شمیم نقوی کی اہلیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کی حالت اچھی نہیں ہے، فردوس شمیم پر متعدد مقدمات نامعلوم افراد کے نام پرکاٹے گئے، کبھی زندگی میں ان پر ایک ایف آئی آرنہیں کاٹی گئی، فردوس شیم نقوی کینسر کے مریض ہیں، نارمل کھانا بھی نہیں کھا سکتے۔
مزید پڑھیں: فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ فردوس شمیم کو کراچی میں ہی رکھا جائے۔
دوسری جانب فردوس شمیم نقوی کے بیٹے زوہیر کا کہنا تھا کہ میرے والد کو سکھر جیل لے جانا موت کی سزا کے برابر ہے اور ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں میرے والد کو اسپتال میں رکھا جائے، میرے والد آدھا گھنٹا بھی نہیں چل پاتے اور چھڑی کے سہارے چلتے ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کو بھی ان کی رہائش گاہ سے جیکب آباد جیل منتقل کردیا گیا ہے۔