پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان زینب نے کہا ہے کہ ایم پی او کو استعمال کرکے والدہ کو بار بار گرفتار کیا جارہا ہے۔
آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں میزبان منیزے جہانگیر سے خصوصی گفتگو میں شیریں مزاری کی بیٹی ایمان زینب نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے والدہ کی رہائی کا حکم دیا تھا، رہائی کے بعد دوبارہ گرفتارکرلیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ پولیس نے والدہ کی گرفتاری سے قبل سرچ وارنٹ تو دکھائے تھے لیکن باربار ایم پی او اور دیگر چیزوں کو استعمال کیا جارہا ہے۔
آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں بات چیت کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ نے کہا کہ احتجاج کرنا سب کا حق ہے، کسی کے گھر کو جلانے کا حق نہیں، پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہیں اور ویڈیوز موجود ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں ہمیں بغیر نوٹس کے گرفتار کرلیا جاتا تھا لیکن ہم کسی کو قانونی جواز کے بغیر گرفتار نہیں کرسکتے، جن لوگوں نے آگ لگائی ان کی گرفتاری کا قانونی جواز موجود ہے۔
آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں کرنل انعام الرحیم (ر) اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر تیمور خان جھگڑا نے بھی موجودہ سیاسی عدم استحکام کے حوالے سے اپنے تجزیات پیش کیے۔ تیمور خان جھگڑا نے کہا کہ چاہے کتنا ہی دباؤ ڈال لیں، اس قسم کی حرکتوں سے کوئی پارٹی ختم نہیں ہوتی۔