عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے عدالت کی جانب سے جرمانے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے جرمانے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سےرجوع کرلیا ہے۔
بشری بی بی نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں چیف سیکرٹری، وفاقی وصوبائی سیکرٹریز داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، سی سی پی او کو فریق بنایا گیا ہے۔
بشری بی بی کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا ہے کہ عدالت نے عمران خان کی اہلیہ کو ایک لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا، لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے بشری بی بی کی درخواست مسترد کر دی ، اور اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے غلط مشورے کے ریمارکس دیئے۔
وکیل نے موقف دیا کہ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے عدالتی وقت ضائع کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا ہے۔
بشری بی بی اور ان کے وکیل نے عدالت میں 20 اپریل کے سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کے خلاف درخواست پر ایک لاکھ جرمانے کا حکم دیا تھا۔
20 اپریل کو عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کو روکنے کی استدعا کی۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے پی ٹی آئی وکلا نے درخواست دائر کی جس میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن ہوگا، پہلے بھی عمران خان کی غیرموجودگی میں پولیس نے گھر پر حملہ کیا تھا۔
دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ پولیس کوعید تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم دیا جائے۔
بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت ہوئی، تو عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ یہ معاملہ تو پہلے ہی لارجر بینچ کے سامنے ہے، آپ کو پہلے ہی ریلیف مل چکا ہے، یہ درخواست عدالت کا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے، عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست خارج کردی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل اظہر صدیق نے مؤقف پیش کیا کہ ہم بنیادی حقوق کی بات کررہے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح کی پٹیشن سے عدالت کا وقت ضائع ہوتا ہے، آپ 2 دن پہلے لارجر بینچ میں آئے تھے، میں بھی لارجر بینچ میں شامل تھا، جو ریلیف بنتا تھا آپ کو دے دیا گیا تھا، آپ کی پٹیشن نہیں بنتی، آپ کو ریلیف دیا جا چکا ہے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل اظہر صدیق پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا اور بشری بی بی کی درخواست خارج کردی