Aaj Logo

اپ ڈیٹ 17 مئ 2023 01:41pm

سینٹرل ماڈل اسکول لوئر مال کو سینٹر آف ایکسیلینس میں تبدیل کرنے سے روک دیا گیا

لاہور ہائیکورٹ نے سینٹرل ماڈل اسکول لوئر مال لاہور کو سینٹر آف ایکسیلینس میں تبدیل کرنے سے روکتے ہوئے حکومت پنجاب سے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سینٹرل ماڈل اسکول لوئر مال کو سینٹرل آف ایکسیلینس بنانے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار مظفر حسین ہاشمی اور دیگر کی جانب سے ایڈووکیٹ اسد منظور بٹ نے پیش ہو کر بتایا کہ سینٹرل ماڈل اسکول تاریخی حیثیت رکھتا ہے، تاریخی اسکول ایک خود مختار سکول ہے، اسکول کا اپنا بورڈ آف گورنرز ہے جو اس کے نظام کو دیکھتا ہے، دانش اسکول اس کو تبدیل کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سینٹرل آف ایکسیلنس میں تبدیل کرنے سے نئے اساتذہ بھرتی کیے جائیں گئے، 10،10 سال ادارے میں استاد کے فرائض انجام دینے والے بے روزگار ہو جائیں گئے، زائد فیسوں پر نئے طلباء کو داخلہ دیا جائے گا، حکومتی اقدام غریب طلباء سے تعلیم کا حق چھیننے کے مترادف ہے، عدالت حکومت فیصلے کو کلعدم قرار دے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد سکول کو سنٹرل آف ایکسیلنس میں تبدیل کرنے سے روکتے ہوئے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

Read Comments