قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کو 22 مئی کو طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ اسیکنڈل کیس میں طلبی کے معاملے پر نیب نے شہزاد اکبر کو پاکستان واپس لانے کے لیے انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہزاد اکبر کو واپس لانے کے لیے انٹرپول سے رابطے کے لیے وزارت داخلہ سے اجازت بھی طلب کی گئی ہے۔
نیب راولپنڈی نے شہزاد اکبر کو کال اپ نوٹس جاری کردیا، نیب نے شہزاد اکبر کو 22 مئی دن ساڑھے11بجے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
نیب کی جانب سے شہزاد اکبر کو کیس سے متعلقہ دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی القادر ٹرسٹ کیس میں 18 مئی کو نیب میں ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے۔