پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے منگل 16 مئی کی صبح دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ لوٹسے کو کامیابی سے سر کرلیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے صرف دو دن بعد سرانجام دیا۔
ماؤنٹ لوٹسے 8 ہزار 516 میٹربلند ہے جسے سر کرنے کے بعد نائلہ کیانی 8 ہزار میٹرسے بلند 6 چوٹیاں سرکرنے پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
نائلہ کی جانب سے سرکی جانے والی دیگر بلندوبالا چوٹیوں میں ایورسٹ، K2، اناپورنا، گیشربرم ون، اور گیشربرم ٹو شامل ہیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری کرارحیدری نے نائلہ کیانی کی کامیابی کا بتاتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ نائلہ ماؤنٹ لوٹسے سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون اور آٹھ ہزار میٹر سے بلند چھ چوٹیاں سر کرنے والی ملک کی تیز ترین خاتون ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نائلہ پاسانگ تیمبا شیرپا صبح 8 بجکر 13 منٹ پرماؤنٹ لوٹسے کچوٹی پر پہنچے۔ یہ چوٹی نیپال اور چین کے تبتی خطے کی سرحد پرہمالیہ سلسلے میں واقع ہے۔
اس سے قبل نائلہ نے 14 مئی کو دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی، انہیں 8 ہزار 91 میٹر بلند انا پورنا چوٹی سرکرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے تاہم وہ پاکستان کی سب سے بلند اوردنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سرکرنے والی دوسری پاکستانی خاتون ہیں، اس سے قبل یہ اعزاز ثمینہ عظمت بیگ کو حاصل ہوا تھا۔