Aaj Logo

شائع 16 مئ 2023 11:18am

پرامن احتجاج عوام کا حق ہے، پاکستانی صورتحال پر امریکا کا مؤقف

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان ویدانٹ پٹیل کا کہنا ہے کہ تشدد سے پاک احتجاج عوام کا حق ہے۔

اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے پاکستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ عوام کو کسی بھی پرتشدد کارروائی میں حصہ لیے بغیر اظہار رائے کا حق حاصل ہے۔

ترجمان امریکی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ عوام کو کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیے، لیکن اس میں تخریب کاری کا کوئی عنصر شامل نہ ہو، جس میں سرکاری ملازمین اور سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا جائے۔

عمران خان کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے ویدانت پٹیل نے کہا کہ گزشتہ ہفتے میں نے اس حوالے سے بات کی تھی، امریکا کا کسی بھی ایک سیاسی جماعت یا کسی ایک رہنما کے حوالے سے کوئی موقف نہیں ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان ہی پاک امریکا تعلقات کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے گزشتہ ہفتے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کو بھی گرفتار کرتے ہوئے ملکی قوانین کا احترام کیا جانا چاہئے۔

ویدانت پٹیل کی بریفنگ میں ان سے پاکستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے خصوصی طور پر پوچھا گیا۔

Read Comments