اسلام آباد: پاک فوج کی قیادت نے فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کیخلاف آرمی ایکٹ سمیت متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کا اعلان کردیا ہے۔ پیر کو کور کمانڈر کانفرنس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ فوجی تنصیبات پر حملے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیے گئے اور یہ کہ مسلح افواج حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور حوصلہ افزائی کرانے والوں سے بخوبی وقف ہے۔
کور کمانڈر کانفرنس کے اعلامیے میں ملک کے اندر بے یقینی ختم کرنے کیلئے جلد از جلد قومی اتفاق رائے پیدا کرنے پر بھی زور دیا گیا اور کہا گیا کہ مسلح افواج اس سلسلے میں کوششوں کی حمایت کریں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں شرکاء نے شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دہشت گردی کی لعنت سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق فورم نے ملک میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، خاص طور پر مسلم باغ حملے میں فوجیوں کی طرف سے دیے گئے دلیرانہ جواب کا اعتراف کیا اور سرزمین کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں فورم کو موجودہ اندرونی اور بیرونی سلامتی کے ماحول کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
فوج نے گزشتہ چند دنوں کے دوران سیاسی مفادات کے حصول کے لیے پیدا کی گئی امن و امان کی صورت حال کا جامع جائزہ لیا۔
آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہداء کی تصاویر، یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذر آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل ایک مربوط آتش زنی کے منصوبے پر عمل درآمد کیا گیا تاکہ ادارے کو بدنام کیا جا سکے اور اسے ایک زبردست ردعمل کی طرف اکسایا جا سکے۔
کانفرنس کے شرکاء نے فوجی تنصیبات اور سرکاری و نجی املاک کے خلاف سیاسی طور پر محرک (politically motivated) اور اکسائے جانے پر کیے گئے واقعات کی سخت ترین ممکنہ الفاظ میں مذمت کی۔ کمانڈروں نے ان افسوس ناک اور ناقابل قبول واقعات پر فوج کے رینک اور فائل کے غم اور جذبات کا بھی اظہار کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اب تک جمع کیے گئے ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر مسلح افواج ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں سے بخوبی واقف ہیں اور اس سلسلے میں بگاڑ پیدا کرنے کی کوششیں بالکل بے سود ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فوجی تنصیبات اور ذاتی سامان کے خلاف ان گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو پاکستان کے متعلقہ قوانین بشمول پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اس کے علاوہ فوم نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ کسی حالت میں فوجی تنصیبات اور سیٹ اپ پر حملہ کرنے والے مجرموں، بگاڑنے والوں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورم نے فوج کی قیادت کے خلاف بیرونی طور پر اسپانسر شدہ اور اندرونی طور پر سہولت یافتہ منظم پروپیگنڈہ وارفیئر پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جس کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کے عوام کے درمیان اور مسلح افواج کے رینک اور فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔
فورم کا کہنا تھا کہ ایسی دشمن قوتوں کے مذموم پروپیگنڈے کو پاکستانی عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی جو ہر مشکل میں ہمیشہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے سوشل میڈیا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے کے لیے متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے جاری سیاسی عدم استحکام کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے، معاشی سرگرمیوں کی بحالی اور جمہوری عمل کو مضبوط کیا جا سکے۔
فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس انتہائی ضروری اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کی جائے گی۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان آرمی عوام کی حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دے گی۔