Aaj Logo

شائع 15 مئ 2023 01:25pm

عدلیہ میں ایک گروہ عدل نہیں سیاست کر رہا ہے، خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہناہے کہ عدلیہ کے ایک گروہ نے سیاست کا بیڑا اٹھا لیا ہے اور ان کے فیصلے سیاست کے تحت ہوتے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عدلیہ میں ایک گروہ نے سیاست کا بیڑا اٹھا لیا ہے، یہ گروہ عدل نہیں سیاست کر رہا ہے، ان کے فیصلے سیاست کے تحت ہوتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 4/3 کے فیصلے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، اقلیتی فیصلے کو فرد واحد نافذ کر رہا ہے، وقت آگیا ہے کہ پارلیمنٹ اپنے آئینی اختیارات استعمال کرے، سپریم جوڈیشل کونسل کو مس کنڈکٹ پر ریفرنس بھیجا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک شخص کے مفادات کے تحفظ کیلئے آئین کو تبدیل کیا گیا، پہلے کہا گیا کہ پارٹی سے انحراف پر ووٹ گنا نہیں جائے گا، جب کہ پرویزالہیٰ کے انتخاب میں 10منحرف ارکان کا ووٹ گنا گیا، حضرت عمررضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جج کو ڈی نوٹیفائی کیا، کیا ہم کسی جج کو ڈی نوٹیفائی کرسکتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جی ایچ کیو پر طالبان کے بعد پی ٹی آئی نے حملہ کیا، کارگل کے شہید ہیرو کے مجسمے کی توہین کی گئی، شہدا ہمارے محسن ہیں، یہ قوم ان کی مرہون منت ہیں، جو قوم شہدا کو بھول جائیں وہ مٹ جاتی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ایک شخص کیلئے ریلیف کی بھرمار ہے، آپ ایک ملزم کوکہہ رہے ہیں ”وش یو گڈ لک“، کہا گیا آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی، کہتے ہیں آپ جائیں اور کچھ لوگ گفتگو کیلئے ساتھ لے جائیں، کہا گیا کہ عمران خان کو فون کی سہولت دی جائے، جب کہ نوازشریف کو دم توڑتی اہلیہ سے بات نہیں کرنے دی گئی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 75 سال میں انصاف اس طرح پامال نہیں ہوا تھا، عدلیہ کو دیئے گئے اختیارات سے تجاوز کیا گیا، ہماری عدالتوں میں 4 لاکھ مقدمات زیرالتوا ہیں، سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائرکرنےکیلئےکمیٹی بنائی، 4لاکھ زیرالتوا مقدمات کی بھی انکوائری کرائی جائے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اپنے رشتہ داروں کے کہنے پر فیصلے کئے جاتے ہیں، اتنا بڑا فرڈ ہو گیا، کہتے ہیں آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ عدل کےعالمی انڈیکس میں ہم کہاں کھڑے ہیں، عالمی انڈیکس میں 11 درجے تنزلی ہوئی ہے۔

Read Comments